لاہور(اپنے رپورٹر سے ) ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سمیراحمد سید نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے عدالتی احکامات پر ان کی روح کے مطابق عمل کیاجائے ۔ معزز عدالتوں کی طرف سے کسی فریق کا موقف سن کر اس پر فیصلہ کرنے اور سپیکنگ آرڈرپاس کرنے کے بارے میں ایل ڈی اے افسران کو دی جانے والی ہدایات پر دیئے گئے وقت میں عمل درآمد کیاجائے ۔ سپیکنگ آرڈر جاری کرنے کے بارے میں زیر التواتمام کیسوں پر ایک ماہ کے اندر اندر فیصلہ کیاجائے ۔ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ شہریوں کا موقف سننے کے لئے ایسی سماعتوں کے موقع پرتمام قانونی تقاضے پور ے کئے جائیں۔ فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری کر کے سماعت کے لئے طلب کیاجائے اور ایسے نوٹسز کا ریکارڈ رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ فریق کی داد رسی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے ۔وہ گزشتہ روز ہائی کورٹ ڈائریکشنز کیسز پر عمل درآمد کی صورت حال کاجائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرر ہے تھے ۔