لاہور،شیخوپورہ/فیصل آباد (نامہ نگار ،ڈسٹرکٹ رپورٹر، خصوصی رپورٹر) نواز لیگ کے نومنتخب ایم این اے میاں جاوید لطیف کے گن مینوں نے رکشہ ڈرائیور کو کرایہ مانگنے کی پاداش میں اس کو رکشہ سمیت فیکٹری میں لیجا کر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اسکی ناک اور بازو کی ہڈی توڑ دی، واقعہ کی اطلاع پر رکشہ ڈرائیورز نے بتی چوک میں ٹائر جلا کراحتجاج کیا،پولیس نے دوگن مینوں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ۔ بتایا گیا ہے کہ محلہ رسول نگر کا رہائشی نوجوان محمد ریاض اپنے رکشہ پر بتی چوک کھڑا تھا کہ لیگی ایم این اے کے گن مین ان کی فیکٹری جانے کیلئے سوار ہوگئے فیکٹری پہنچ کر رکشہ ڈرائیور نے ان سے کرایہ کا تقاضا کیا تو انہوں نے فیکٹری ملازمین کی مدد سے اس کو اٹھا کر فیکٹری میں لیجاکر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ،ریاض ان سے جان چھڑا کے باہر پہنچا تو اسکے ساتھی اس کی حالت دیکھ کر مشتعل ہوگئے اور انہوں نے بتی چوک کو چاروں اطراف سے ٹائر جلاکر بلاک کردیا جو کئی گھنٹہ تک جاری رہا، پولیس نے رکشہ ڈرائیوروں کے مطالبہ پرملزمان محمد عثمان اور محمد یونس کیخلاف مقدمہ درج کرکے ان کو میاں جاوید لطیف کے ڈیرہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا ،بعدازاں مظاہرین منتشر ہوگئے ۔دریں اثنافیصل آ بادمیں کینال روڈ پر سابق رکن قومی اسمبلی کے بیٹے نے شراب کے نشہ میں دھت ہو کر شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ قیمتی گاڑی کی توڑ پھوڑ کرتے ہوئے کار سے لیپ ٹاپ اور ضروری کاغذات اڑا لئے ، پولیس تھانہ مدینہ ٹاؤن نے شہری کی مدعیت میں سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد فاروق کے بیٹے اور ساتھی کے خلاف مقدمہ ددرج کر لیا ہے ، تھانہ مدینہ ٹاؤن میں درج کرائے جا نے والے مقدمہ میں رضا گارڈن کینال روڈ کے رہائشی منور احمد نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ کار میں جا رہا تھا کہ ملزم فہد فاروق اور اس کے ساتھی نے ان کی کار کے ساتھ اپنی گاڑی ٹکرا دی جس سے اس کی کار کو شد ید نقصان پہنچا ، ملزمان اسلحہ لیکر گاڑی سے باہر نکلے اور اس کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں ، منور جان بچا نے کیلئے اپنے گھر میں داخل ہو گیا لیکن ملزمان بھی اسکے تعاقب میں گھر میں گھس آ ئے تاہم موقعہ پرموجود شہریوں نے مداخلت کرکے اس کی جان بچائی ، ملزمان فرار ہو گئے ۔دریں اثناء عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجیدغوری نے شیخوپورہ میں نومنتخب ایم این اے جاوید لطیف کے غنڈوں کا غریب رکشہ ڈرائیور کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ،آئی جی پنجاب سے اس واقعہ کا فوری طورنوٹس لے کر غریب رکشہ ڈرائیوروں کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اسے انصاف نہ ملا تو شیخوپورہ کے ساتھ ساتھ لاہور کا بھی پہیہ جام کر دیں گے ۔