لاہور، صادق آباد ( کامرس رپورٹر، نامہ نگار )صادق آبادکے نواحی علاقے نواز آباد کے قریب گیس پائپ لائن میں لگنے والی آگ پر 4گھنٹے کے بعد قابو پالیا گیا ،گیس پائپ لائن 18 قطر انچ سے زائد کا سوراخ ہوا ، قادرپور فیلڈر سے متبادل لائن کے ذریعے گیس فراہمی بحال کردی گئی ، پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ، سوئی نادرن نے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا، ایم ڈی سوئی ناردرن سہیل گلزار نے کہا گیس پائپ لائن کو منصوبہ بندی سے پیک آورز میں ٹائم ڈیوائس سے اڑایا گیا، ایم ڈی سوئی ناردرن نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کوگیس پریشر میں کوئی تعطل نہیں آیا، تمام سیکٹر کو متبادل لوپ سے 175 ملین کیو بک فٹ گیس دے رہے ہیں، سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق رحیم یار خان کے قریب گیس پائپ لائن میں دھماکے کے لیے 10 سے 12 کلو وزنی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ، سی ٹی ڈی انچارج نے بتایا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا جارہاہے ، گزشتہ روز نواز آباد میں 36 انچ قطر کی گیس پائپ لائن میں لیکیج کے بعدآگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔