مکرمی !اگر آپ سے کوئی گناہ سرزد ہوجائے تو آپ کیا کرتے ہیں۔ توبہ کرتے ہیں، کہیں گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہوجائے تو اس کا ازالہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، کاروبار میں نقصان ہونے کی صورت میں اس کو کور کرنے کا پلان بناتے ہیں ۔اور یہ سب کام جلد بازی میں انجام نہیں دیے جا سکتے۔ کیوں کہ جلد بازی شیطان کا وصف ہے۔ اس لیے آپ کو اس کا متبادل سوچنا ہوگا اور وہ صبر ہے۔ صبر اولوالعزمی کامیاب لوگوں کی بہت بڑی صفت ہے۔ صبر کامیابی کا تیر بہدف نسخہ ہے۔آپ کو یادرکھنا ہے آپ کے ارد گرد وہ لوگ ہیں جو آپ کی خوشی، ترقی سے حسد کریں گے اس لیے آپ ان کو حسد کی آگ کا ایندھن بننے دیں اور شیر کی طرح آگے بڑھ جائیں،بلا خوف وخطرکامیابی کے نشان پر نظر رکھیں۔ انسانیت کی خدمت کریں اس لیے کہ یہ آپ کے اعمال ، کام، صلاحیتوں کو چار چاند لگادیتی ہے اور آپ سالوں کا سفر مہینوں میں طے کر لیتے ہیں۔ کامیابی اسی کا نام ہے کہ آپ دنیا میں خوش رہیں ،آخرت میں سرخرو ہوں، کیوں کہ اشیاء ہی سب کچھ نہیں ہوتیں۔ ( محمد عنصر عثمانی)