لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے گذشتہ روز 19ڈینٹل سرجنزکو فراہمی صحت کے کم سے کم معیارات پر عمل درآمدکے لیے تربیت دی تا کہ صحت کی بہتر سہولیات کو علاجگاہوں میں یقینی بنایا جاسکے ۔نیز 37ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کے لیے بھی تربیت کاعلیحدہ اہتمام بھی کیا گیا۔ سرجنز کا تعلق ضلع گجرانوالہ سے جبکہ ڈاکٹرز ضلع لاہور سے تھے ۔ کمیشن نے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے کم از کم معیارات (ایم ایس ڈی ایس) تیار کیے ہیں اور ان معیارات پر علاجگاہوں کو تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔ بعد ازا ں انسپکشنز کے ذریعے ان پر موثر عمل درآمد کی تصدیق کی بھی جاتی ہے ۔ ان ورکشاپس میں مریضوں کے معیاری علاج اور دیکھ بھال،ادویات کی فراہمی،مریضوں کے حقوق کا احترام،علاج سے متعلق آگاہی،علاج گاہ میں انفیکشن کنٹرول،معیاری علاج کا تسلسل،انتظامیہ کی ذمہ داریوں کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد ،شعبہ جاتی انتظام اور تحفظ،منظم انسانی وسائل اور انفارمیشن مینجمنٹ پر جدید معلومات فراہم کی جاتیں ہیں۔واضح رہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ایم ایس ڈی ایس پر اب تک 445تربیتی ورکشاپس میں14,000سے زائد علاجگاہوں کے 18,257 معالجین اور سٹاف کی مکمل تربیت کی ہے ۔