کراچی (سٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ صدرنے کہا تو گورنرراج لگاؤں گا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت عدم اعتماد سے بھاگ رہی ہے ۔ کراچی میں مزارقائد پرحاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگومیں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ صدرکہیں گے توگورنرراج لگایا جائیگا لیکن فی الحال ایسا کچھ نہیں ہورہا۔ گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم ،ق لیگ اوربلوچستان عوامی پارٹی اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں،منحرف اراکین نے جو کیا میرے نزدیک وہ غداری ہے ایسی قانون سازی ہونی چاہیئے کہ وہ ایسی جرات نہ کریں ۔مزارقائد پرحاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگومیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 1989 میں اسوقت کی وزیراعظم بینظیربھٹو کیخلاف پیش کی گئی عدم اعتماد کی قرارداد پر8 دن کے اندرووٹنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب پی ٹی آئی حکومت مشترکہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے سے بھاگ رہی ہے ،اس آئینی عمل میں تاخیرنہیں کی جاسکتی اوراس عمل میں تاخیریا بلڈوزکرنیکی کوشش کے منفی نتائج برآمد ہوں گے ،مجھے یقین ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی،وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک اپوزیشن کا آئینی حق ہے یہ اقدام جمہوری نظام کو پٹڑی سے نہیں اتارے گا۔