لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ سیوریج سے متعلقہ عملہ کی مراعات میں اضافہ، ہیلتھ کارڈ کی فراہمی اور سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت مالی معاونت کے پروگرامز میں شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔ شہر خاموشاں کے ملازمین کی تنخواہیں جلد بحال کی جائیں۔ سٹینڈنگ کمیٹی کے اہداف واضح کیے جائیں تاکہ محکمے غیر متعلقہ ایجنڈے کمیٹی میں لانے سے احتراز کریں۔پنجاب احساس پروگرام کے تحت رواں مالی سال کے بجٹ میں اعلان کردہ تمام سکیموں کے اجراء کو جلد ازا جلد یقینی بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 20ویں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ تمام اضلاع میں واٹر اینڈ سینیٹری اتھارٹیز سے پلمبرز اور صفائی کرنے والے ملازمین کے اعداد و شمار اکٹھے کریں تاکہ ان کی تنخواہوں اور مراعات کا تخمینہ لگایا جا سکے ۔ صوبائی وزیر نے صفائی کرنے والے عملہ کو پینشن کی فراہمی حوالے سے معاملات پر نظر ثانی کا بھی عندیہ دیا۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان خان سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز بھی شریک تھے ۔