لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر مال کرنل (ر) ملک محمد انور کی زیر صدارت نیو منسٹر بلاک کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ،ایم ڈی واسالاہور،محکمہ جنگلات،لائیو سٹاک،خزانہ و دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے شاہدرہ میں واقع محکمہ جنگلات کی مختص زمین کی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے لئے واسا لاہور کو منتقلی کی منظوری دے دی۔ شرکاء نے محکمہ جنگلات کو متبادل کے طور پر محکمہ لائیو سٹاک کی اراضی منتقل کرنے پر اتفاق رائے کا بھی اظہار کیا۔ کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کے لئے جلد کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔صوبائی وزیر مال نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب سے گندے پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔