پشاور(92نیوز) معروف پشتو گلوکارہ صوفیہ کیف کی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔گزشتہ روز صوفیہ کیف نے ٹک ٹاک پر اپنی کچھ ویڈیوز اپ لوڈ کیں جس میں وہ پشاور کے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں موجود ہیں۔ ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے عملے نے گلوکارہ کا استقبال بھی کیا ۔ گلوکارہ نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر کچھ گھنٹے قبل بھی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں وہ ہال کی کرسی پر بیٹھی ہیں۔دوسری جانب مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا کہ صوفیہ کیف وزیر اعلیٰ ہاؤس میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں آئی تھیں اور اسی دوران گلوکارہ نے واش روم جاتے ہوئے ہال میں اپنی ویڈیوز بنائیں،پروگرام وزیراعلیٰ ہاؤس کے لان میں رکھا گیا تھا۔ اجمل خان وزیر نے مزید کہا کہ گلوکارہ کے ٹک ٹاک کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ ہائوس کے خلاف غلط انداز میں پیش کیا گیا ، محمودخان بھی وزیر اعلیٰ ہائوس کو بذات خود رہائش کیلئے استعمال نہیں کررہے ،تقریب میں حکومتی شخصیات،سینئر صحافیوں، فنکاروں اور سول سوسائٹی سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگ شریک ہوئے تھے ۔