اسلام آباد، پشاور (خبر نگار،صباح نیوز،این این آئی)الیکشن کمیشن نے میئر تحصیل مانسہرہ کے امیدوار کی انتخابی چلانے پر وفاقی وزیر اعظم سواتی کو آج،ایم این اے صالح محمد خان کو کل طلب کرلیا جبکہ احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد کے چیک اور احساس وظائف کی تقسیم روکنے کا حکم بھی جاری کردیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر مانسہرہ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی اور تحصیل کونسل مانسہرہ کے امیدوار کمال سلیم سواتی کو وضاحت دینے کیلئے آج دن 11بجے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر، مانسہرہ کے دفتر میں طلب کیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر جکولائی پلاس نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے جاری ٹینڈر کا نوٹس لیکر متعلقہ محکمہ سے ٹینڈر منسوخ کرایا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اپر کوہستان نے بھی ضلع میں مختلف سکولوں کی تعمیر و مرمت کے حوالہ سے جاری ٹینڈر کا نوٹس لیکر متعلقہ محکمہ سے منسوخ کرایا۔ پی ٹی آئی تحصیل چیئرمین داسو، اپر کوہستان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا۔ بٹگرام میں مقررہ سائز سے زائد بل بورڈ و فلیکسز نصب کرنے پر عطاء محمد اور محمد اعجاز خان نے جواب جمع کرایا اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، بٹگرام نے دونوں کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کردی، علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مانسہرہ نے گیس فراہمی منصوبے پر انچار ج سو ئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ مانسہرہ کو طلب کر کے گیس منصوبے پر کام روکنے کی ہدایت کردی۔ ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے سوات، شانگلہ، لوئر چترال اور لوئر دیر، میں بڑے سائز کے فینا فلیکسز، بینرز اور وال چاکنگ ہٹائے گئے جبکہ تلاش لوئر دیر میں سڑک کے افتتاح کے حوالہ سے کاشف کمال کو نوٹس جاری کیا گیا۔ ادھراپر دیر میں احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد کو انتخابات تک روک دیا گیا۔ادھرشمالی وزیرستان کے تحصیل کونسل میر علی کے امیدوار برائے چیئرمین جے یو آئی احمد سعید کو نامعلوم افراد کی طرف سے دھمکیاں دینے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان کو اپنے دفتر طلب کرلیا۔