لاہور(سٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے این ٹی ڈی سی کی جانب سے الیکشن والے روز بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی کوششوں پر پانی پھیر دیا۔بارشوں کے باعث ملک بھر میں ہزاروں فیڈرز اور سینکڑوں گرڈز ٹرپ کر گئے تیز ہوائوں کے باعث کئی مقامات پر درخت تاروں پر گر گئے ۔ کئی مقامات پر ٹرانسفارمرز جل گئے اس صورت حال کے باعث سینکڑوں پولنگ سٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔ صوبائی دارالحکومت میں دوپہر دو بجے کے قریب کئی علاقوں میں طوفانی بارش ہوئی جس سے ایک جانب لیسکو کے سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور لیسکو کا 220 کے وی کا گرڈ خراب ہو گیا جس کے باعث لیسکو کے پانچ گرڈز جس میں شا لامار ر ون ، شا لامار ٹو ، داروغہ والہ ، جی ٹی روڈ اور دیگر کو بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔ گرڈز بند ہونے اور فیڈرز ٹرپ کئے جانے سے لاہور کا بڑا علاقہ بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گیا ان علاقوں میں قائم پولنگ سٹیشن بھی اندھیرے میں ڈوب گئے ۔ بارش بند ہو جانے کے بعد لیسکو کی جانب سے فوری طور پر بحالی کا کام شروع کیا گیا جو رات تک مکمل کر لیا گیا۔ تاہم جن علاقوں میں ٹرانسفامرز جل گئے وہاں بحالی کا کام تاخیر کا شکار رہا۔ دیگر ڈسکوز میں بھی ایسی ہی صورت حال رہی۔