اسلام آباد ، راولپنڈی، لاہور ،سیالکوٹ،حافظ آباد (92 نیوزرپورٹ، وقائع نگار،سپیشل رپورٹر ، رپورٹر 92 نیوز ، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹرز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارشو ں سے سیلابی صورتحال پیداہوگئی ، مختلف مقامات پر ماں بیٹوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے ، اسلام آباد میں نشیبی علاقے ڈوب گئے ، گھرکے تہہ خانے میں پانی بھرجانے سے ماں اور بیٹا جاں بحق ہوگئے ، کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں، مختلف مقامات پر بجلی بند ،بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ ہو گئیں۔ جڑواں شہروں میں بدھ کی علی الصبح ساڑھیچار بجے سے نو بجے تک جاری رہنے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، نالہ لئی میں پانی خطرناک حد کو چھو گیا،جس کی وجہ سے راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے خطرے کی گھنٹیاں بجا دیں، نالہ لئی میں پانی کی سطح 21 فٹ تک پہنچ گئی، سرکاری اداروں نے لوگوں کوندی نالوں سے ملحقہ بستیاں خالی کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ہنگامی صورتحال میں پاک فوج کے دستے ریسکیو اور امدادی کاموں میں سول انتظامیہ کی مدد کرنے میں مصروف ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تیز بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی اور ای 11 سیکٹر میں پانی جمع ہوگیا۔ کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی منصوبہ تیار ہے ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کے آپریشن مدد کا آغاز کردیا ہے ۔ٹیمیں غوطہ خوروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، کشتیوں اور خصوصی آلات سے لیس ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے لئے بھی ایسی ٹیموں کی تشکیل جاری رہی ہیں ۔ خیبر پختونخوااورآزادکشمیرمیں بھی بارشوں سے ندی نالے بپھرگئے ،مردان،صوابی،پشاور،مالاکنڈاوردیگرشہروں میں بھی بادل برسے ،کاٹلنگ میں چھت گرنے سے 2بچے جاں بحق ہوگئے ، تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ موضع رتہ آرائیاں میں مکان کی چھت گرنے سے 32 سالہ نادیہ بی بی زوجہ علی رضا اپنے 5 سالہ بیٹے اسماعیل سمیت جاں گنوا بیٹھی۔آزادکشمیرمیں نالوں میں طغیانی آگئی،لینڈسلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم بندہوگئی،لاہور،گوجرانوالہ،نارووال،سیالکوٹ ، حافظ آباد اوردیگرعلاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا ،اسلام آبادکے سیکٹر ای الیون اور ڈی 12 میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، سیلابی ریلے میں گاڑیاں تنکوں کی طرح بہہ گئیں ۔راول ڈیم کے سپل ویزکھول دیئے گئے ،ڈی جی میٹ کے مطابق اسلام آبادمیں کلائوڈبرسٹ نہیں ہوا۔ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات نے آْئندہ دوسے تین روزمزیدبارشوں کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں رات سے اب تک 128 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ،ادھرچلاس شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ،رونئی میں سیلابی ریلے کے باعث کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا، دیامر اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔