کراچی (سٹاف رپورٹر ، نیوزایجنسیاں ) پی آئی اے کے حادثے کا شکار ائیر بس 320 طیارہ کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئی ۔ فرانس سے آنے والی ماہرین کی ٹیم نے اہم شواہد اکھٹے کرلیے ہیں،11 رکنی ٹیم اتوار کو تحقیقات مکمل کرلے گی اور پیر کو واپس روانہ ہوجائے گی۔ٹیم اپنے ساتھ بلیک باکس اور انجن کے بعض پرزے بھی لے جائے گی جبکہ کاک پٹ وائس ریکارڈر اور ڈیٹا فلائٹ ریکارڈر کو ائیربس ماہرین فرانس میں ڈی کوڈ کریں گے ۔ ائیرکرافٹس ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن بورڈ کی پاکستانی ٹیم کا ایک رکن بھی فرانس کی ٹیم کے ساتھ جائے گا۔جائے حادثہ سے طیارے کا ملبہ اٹھانے کا کام آج مکمل کئے جانے کا امکان ہے ، تباہ شدہ جہاز کا ایک انجن ابھی بھی جائے حادثہ پر موجود ہے ، انجن کو کرین کی مدد سے مکان کی چھت سے اتارا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے طیارہ حادثے میں 97 افراد جاں بحق ہوئے ، ابتک 68 لاشوں کی شناخت ہوچکی، ہم نے ڈی این اے کے ذریعے 29 لاشوں کی شناخت کی ، ایک کا ڈی این اے میچ ہونا باقی ہے ۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے کہا ہے ہوائی حادثے کا شکارمسافروں کی سوختہ لاشوں کی شناخت کا انتہائی پیچیدہ عمل سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل)، جامعہ کراچی کے تحت آئندہ48گھنٹوں میں مکمل ہوجائے گا ۔ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے ہر مسافر کے اہلخانہ کو تدفین کے انتظامات کیلئے 10 لاکھ روپے دیے جارہے ہیں اور جاں بحق افراد کے قانونی ورثا کو انشورنس کی مد میں50 لاکھ روپے فی کس کی ادائیگی کی جائے گی۔