اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے معاشی مشکلات کے باوجو د دکھائوں گا کہ ملک ترقی کرسکتا ہے ۔زرداری ہائوس میں اپوزیشن کے اکٹھ پر انہوں نے کہا کچھ لوگ جمہوریت بچانے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ یہ سارے وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے پاکستان آگے نہ بڑھ سکا۔مشکل وقت میں قوم کو حوصلہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے ۔پاکستانی عوام اس ملک کی ترقی کی امید ہیں۔معاشی مشکلات کے باوجو د دکھائوں گا کہ ملک ترقی کرسکتا ہے ۔ہمیں مشکل ترین وقت میں حکومت ملی جب ستر سال کا قرضہ پاکستان پر چڑھا ہوا ہے ۔خطے میں جو ملک سب سے تیزی سے ترقی کرکے اوپر جائے گا وہ پاکستان ہوگا۔ اسلام آباد میں شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا شوکت خانم لاہور کو عالمی سطح کا سرٹیفکیٹ ملا ، اگلے ماہ پشاور کے شوکت خانم ہسپتال کو انٹر نیشنل سرٹیفکیشن مل جائیگی۔ اس وقت پاکستان معاشی طور پر مشکل حالات میں ہے لیکن ہماری قوم کی سب سے بڑی طاقت قربانی کا جذبہ ہے ۔ یہ قوم اٹھ جائیگی۔مشکل حالات کے باوجود لوگ شوکت خانم کو دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں ، اس دفعہ رمضان میں تین افطاریاں فنڈ ریزنگ کیلئے ہوئی ہیں جن میں پچھلے رمضان کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ۔ وزیر اعظم عمران خان سے تاجروں کے وفد نے بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں ملکی معاشی صورتحال، آئی ایم ایف پیکج ودیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے معاشی استحکام اور معیشت کے فروغ کیلئے تجاویز دیں۔ملاقات 3گھنٹے جاری رہی ۔وزیراعظم کی زیر صدارت معاشی صورتحال پر اجلاس بھی ہوا جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیر تجارت رزاق داؤد اور ملک کے تمام چیمبرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔مشیر خزانہ اور مشیر تجارت نے ملکی مالیاتی معاملات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں روپے کی قدر میں کمی کی وجوہات پر غور کیا گیا، کاروباری افراد سے مارکیٹ کی تازہ صورتحال پر مشاورت کی گئی، وفد نے معاشی استحکام اور معیشت کے فروغ کیلئے تجاویز پیش کیں۔وزیراعظم نے کہا کچھ عناصر غیریقینی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ کاروباری برادری اقتصادی استحکام کیلئے کردار ادا کرے ۔ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوشش کرنا ہوگی۔ کاروباری برادری سے ملاقاتوں کا سلسلہ تواتر سے جاری رکھیں گے ۔معاشی بہتری کیلئے کاروباری افراد کی تجاویز پر مشاورت ضروری ہے ۔