اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، آن لائن) پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض کا معاہدہ طے پاگیا ۔وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان عالمی بینک کا قابل اعتماد شراکت دار ہے ۔ پاکستان اورعالمی بینک کے مابین 918ملین ڈالر کے 3معاہدوں پر دستخط کے بعد میڈیا سے گفتگومیں مشیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان اورعالمی بینک کے مابین قابل اعتماد شراکت داری قائم ہے ، عالمی بینک پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے طویل عرصہ سے کام کررہا ہے ، عالمی بینک کے اقتصادی پروگرام سے پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں مزید بہتری آئیگی۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرپیچ موتوالانگ وان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اورعالمی بینک کے درمیان تعاون کا سلسلہ جاری ہے ۔قرض کے معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد خان نے دستخط کیے جبکہ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیحاماہتو ایلنگوان نوجوان نے دستخط کیے ۔ورلڈ بینک کی طرف سے ملنے والے 40 کروڑ ڈالر ریونیو بڑھانے کے پروگرامز کیلئے ہونگے ۔اس سے ٹیکس بیس بڑھائی جائے گی اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات بھی فراہم کی جائینگی۔ اصلاحاتی پروگرام کے تحت ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح بڑھا کر 17 فیصد تک لے جائی جائیگی۔ 40 کروڑ ڈالر ملک میں اعلیٰ تعلیم کی ترقی پر خرچ ہونگے جبکہ 11 کروڑ 80 لاکھ ڈالر خیبر پختونخوا ریونیو موبلائزیشن اینڈ ریسورس مینجمنٹ پروگرام پر خرچ کئے جائینگے جسکے تحت خیبر پختونخوا میں ریونیو کلیکشن میں اضافہ ہوگا اور پبلک ریسورس مینجمنٹ میں بہتری لائی جائیگی۔