لاہور (جنرل رپورٹر)پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم قلب آج منایا جائے گا ،عالمی ادارہ صحت کے مطابق سالانہ اس بیماری سے ایک کروڑ 75لاکھ افراد ہلاک ہو رہے ہیں اور 2030تک یہ تعداد 2کروڑ 30لاکھ سالانہ تک پہنچ جائے گی ۔اس دن کی مناسبت سے آگاہی واکس اور سیمینار کا اہتمام کیا جائے گا ۔گزشتہ روز پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن کے زیر اہتمام عالمی ہارٹ ڈے کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر طارق میاں، سینئر نائب صدر ڈاکٹر سعید احمد، نائب صدر ڈاکٹر ناہید ندیم ، ڈاکٹر طاہر چوہدری، ڈاکٹر عمر رشید و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سعید احمد نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دل کی حرکت بند ہونے کا حوالہ ہی کئی تصورات کا پیش خیمہ ہوتا ہے ایسے تصورات بالکل درست نہیں دراصل ہارٹ فیل دل کی ایسی ناکامی ہے جو جسم کو خون کی نامناسب مقدار میں سپلائی کی وجہ بنتی ہے ۔ عالمی سطح پر دل کے دورے کی بڑھتی ہوئی شرح کو مناسب تعلیم و تربیت پر مبنی آگاہی کے ذریعے نصف کیا جا سکتا ہے ۔ ہارٹ اٹیک کی سب سے عام مگر خاموش علامت تھکاوٹ ہے ۔ طرز زندگی میں تبدیلی سے مزاج صحت مند غذا، مناسب وزن کے قائم رکھنے کے اقدامات طبعی چستی اور تمباکو وغیرہ جیسی نقصان دہ چیزوں سے پرہیز شامل ہیں۔