ملتان (خبر نگار) برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاؤالدین زکریاؒ ملتانی کا 781 واں عرس مبارک اختتام پذیر ہو گیا ۔ عرس کے تیسرے اور آخری روز زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ سجادہ نشین درگاہ عالیہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تیسری اور آخری نشست کی صدارت کی جبکہ نقابت کے فرائض ڈاکٹر صدیق قادری نے ادا کئے - کانفرنس سے صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سعید الحسن شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت بہائالدین زکریا ؒ کا فیض آج تک جاری ہے ،حاضری دینے والا دامن بھر کر جاتا ہے ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور کشمیر کے مسلمان شدید کرب میں مبتلا ہیں، بی جے پی سرکار کی ہندوتوا سوچ سے ہندوستان کے مسلمان محفوظ نہیں ہیں ، افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری ہیں،یہ اللہ کا کرم ہے کہ کورونا کی وجہ سے پاکستان میں اس قدر نقصانات نہیں ہوئے جس طرح پوری دنیا میں ہوئے ،کورونا کے باوجود عرس میں زائرین کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی جن کی صحت یابی اور باخیریت واپسی کیلئے دعا گو ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت بہاؤالدین زکریا ؒ کے 781 ویں سالانہ عرس مبارک کے آخری روز قومی زکریا کانفرنس کی اختتامی نشست میں دعا کے دوران کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا اولیائاللہ کے آستانوں سے ہمیشہ امن ‘ محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا جاتا ہے ، یہ تاریخی حقیقت ہے کہ خانقاہی نظام سے کبھی بھی فرقہ واریت کو ہوا نہیں دی جاتی رہی۔