لاہور ،بغداد(سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) محبوب سبحانی،سلطان الاولیا غوث اعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؓ کے سالانہ عرس اوربڑی گیارھویں شریف کے دوسرے روزبھی دنیابھرسے آئے ہزاروں عقیدت مندوں نے مزارشریف پر حاضری دی،مزارشریف پر عقیدت مندوں کا تانتابندھارہا،مزارشریف کے درودیواردردوسلام کی صدائوں سے معطرہوتے رہے ،بڑی گیارھویں شریف کی محفل دربارشریف کی مسجدمیں سجائی گئی جہاں سجادہ نشین حضرت شیخ خالدمنصور الگیلانی نے خطاب فرمایا،انہوں نے عقیدت مندوں کی سیرت اولیاکرام ؒکے حوالے سے رہنمائی فرمائی، روحانی محفل میں شرکانے خصوصی کلام پڑھاجس نے حاضرین پروجدطاری کئے رکھا،پاکستان سمیت دنیابھرسے زائرین کی بڑی تعدادگیارھویں شریف کی مرکزی تقریب میں شرکت کیلئے بغدادشریف میں موجود ہے اوراپنے اپنے اندازمیں حضرت شیخ عبدالقادرجیلانی ؓ کوخراج عقیدت پیش کررہے ہیں جبکہ تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کے سالانہ عرس کے حوالے سے دوسرے روز بھی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ، آپ ؓکی سیرت سے نوجوان نسل کو آگاہی دینے کیلئے غوث اعظم ؓ کانفرنسیں منعقد کی جار ہی ہیں،محافل میں درود پاک اور اذکار کے ساتھ لنگر کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ علماء کرام ومشائخ عظام شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی مقدس زندگی کے بارے میں عوام الناس کو آگاہی دے رہے ہیں ۔ پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے کہا کہ وہ روحانیت کی معراج پانے کے لئے بند ے کیلئے ضروری ہے کہ وہ شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی زندگی کا مطالعہ کرے ،غربت و افلاس کے خلاف روز اول سے لیکر آج تک جو کردار اہل دین کر رہے ہیں کسی اور مذہب کو یہ توفیق حاصل نہیں ہے ۔