لاہور (جنرل رپورٹر)عطائیت کے خلاف جاری مہم کو مزید موثر اور فعال بنانے کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈویژن کی سطح پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے افسران کو ترتیب دے گا تاکہ عطائیوں کے بارے میں غلط رپورٹنگ اور نامکمل چالان جمع کروانے کے مسائل پر قابوپایا جاسکے ۔ اگرپھر بھی افسران نے کوتاہی کی تو ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائیگی۔ عطائیوں کے خلاف گھیرامزید تنگ کرنے کے لیے جرمانوں کی وصولی کو یقینی بنانے کیلئے پی ایچ سی ڈپٹی کمشنروں کو خط لکھے گا۔ ان امور کا فیصلہ گزشتہ روز ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا ،جس کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شعیب خان اور سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر) محمد عثمان نے کی ۔ اجلاس میں یہ بھی تجویز کیاگیا کہ کمیشن اپنے سوشل میڈیا اور ویب سائٹ پر ایسے ڈاکٹروں کو نمایا ں کرے گاجو عطائیوں کوتحفظ فراہم کرتے ہیں۔بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے کمیشن کی انفورسمینٹ ٹیموں کی طرز پر محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی دوافسران پر مشتمل ہونگی۔