لاہور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام میں مدارس و مساجد کا کردار بہت اہم ہے ، مدارس و مساجد کے مسائل کے حل کیلئے حکومت ہر سطح پر کوششیں کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ طاہر محمود اشرفی سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا معاشرے میں مذہبی رواداری کے فروغ اور بین المذاہب مکالمہ کیلئے علماء و مشائخ کو مزید جدوجہد کرنی ہو گی، عمران خان پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانا چاہتے ہیں ، علماء و مشائخ کو حکومت کی اس سلسلہ میں رہنمائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ مدارس و مساجد کے ذمہ داران کو کوئی تکلیف نہ ہو، کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ مدارس و مساجد کے خلاف بلا جواز و دلیل کارروائی کرے یا مدارس و مساجد کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرے ۔انہوں نے کہا آئین پاکستان کی اسلامی اور عقیدہ ختم نبوت سے متعلق دفعات کو کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی کوئی ان کو تبدیل کر رہا ہے ۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا موجودہ دور حکومت میں مدارس و مساجد کیلئے مشکلات کم ہوئی ہیں،۔