لاہور، کراچی (کلچرل رپورٹر، نیٹ نیوز) کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر اداکار اور میزبان فخرِ عالم نے وزیراعظم عمران خان سے ملک میں 2 ہفتے کے لیے کرفیو لگانے اور لاک ڈاؤن کی اپیل کردی۔فخر عالم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وزیراعظم کے نام ویڈیو پیغام میں کہا کہ عمران بھائی جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ آپ کے دل میں انسانیت ، انسانوں اور غریبوں کے لیے کیا جگہ ہے ، اس میں کوئی شک نہیں آپ نیک انسان ہیں اور میں یہ بھی جانتا ہوں کہ اس وقت آپ کی حکومت کو سب سے بڑا چیلنج کروناکا درپیش ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف حکومت یہ کہہ رہی ہے لوگ گھروں میں رہیں دفتر نہ جائیں، سماجی دوری اختیار کریں، حکومت نے آدھی پالیسی بنائی ہے کہ غریب طبقہ روزی کمانے کے لیے باہر نکل سکتا ہے لیکن باقی لوگ نہیں نکل سکتے ہیں، میری گزارش ہے کہ آدھی پالیسی کے بجائے پوری پالیسی بنائیں۔فخر عالم نے عمران خان کو دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دو ہفتوں میں شہروں کے مختلف علاقوں میں راشن باٹنا شروع کردیں، سماجی کارکنان کو دستانے اور ماسک فراہم کیے جائیں تاکہ وہ راشن کو ضرورت مندوں کے گھر منتقل کرسکیں، والدین کو جو اس وقت سکولوں کی فیسیں ادا کرنی پڑ رہی ہیں وہ بھی معاف کی جائیں ۔