لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہاہے کہ حکومت کچھ ڈیلیورنہیں کر رہی ، عمران خان بزدار پلس ہیں ،انکے پاس صرف ایک مقصد ہے کہ اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائی کریں ۔ انکے اپنے اتحادی بھی ناراض ہیں ، مائنس ون کی صورتحال بن جائیگی اوراگر نہ بنیتو پارلیمنٹ مفلوج ہو جائیگی۔ چینل92نیوزکے پروگرام’’ہوکیارہاہے ‘‘میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مائنس ون کرنے کیلئے نمبر پورے کرنا ہونگے ۔ا گر اپوزیشن عملی طورپر متحد نہیں ہوگی تو مائنس ون نہیں ہوسکے گا۔سینٹ میں خفیہ ووٹنگ ہوتی ہے لیکن قومی اسمبلی میں ایسا نہیں۔ ہمارا ٹارگٹ الیکشن ہے ۔ چیئرمین نیب کے بیان سے پتہ چل جاتا ہے کہ کس کو کس کی کتنی سپورٹ ہے ، جو انہیں لائے تھے ان کو بھی پتہ چل گیا ہے انہیں شاید اب مزید سپورٹ نہ ملے ۔ جب کسی کو اقتدار جاتا نظر آتا ہے تو اسکی طبیعت میں چڑچڑا پن آہی جاتا ہے ۔ کیا وزیراعظم کو زیب دیتا ہے کہ وہ سیاسی مخالفین کو طنز کریں،یہ دھیان ہٹانے کیلئے کسی کو چھیڑ تے ہیں اوراصل مسائل پرکوئی توجہ نہیں دیتے ۔ نوازشریف اور مریم نواز مجرم نہیں بلکہ سیاسی آوازاٹھانے کی وجہ سے انتقام کاشکارہیں۔تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ عمران خان کے قریبی ساتھی شاہ محمود قریشی کا نام مائنس ون کیلئے تواترسے ا ٓرہا ہے کیونکہ سب کو قبول ہیں ،لیکن شاہ محمود قریشی بالکل خاموش ہیں، لگتاہے کہ دال میں کچھ کالا ہے ۔تاہم مارچ میں عدم اعتماد کی باتیں زیرغورہیں۔ آئینی ترامیم کیلئے حکومت کو اپوزیشن کے تعاون کی ضرورت ہے لیکن لگتاہے کہ یہ حکومت تو خود اپنی دشمن ہے ا ور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے بھی سنجیدہ نہیں ۔نوازشریف تو جلد واپس نہیں آئینگے کیونکہ انکی صحت ٹھیک نہیں ۔شہبازشریف واپس آئیں گے ۔فیصل واوڈا کی لندن میں بیش بہا جائیدادیں ہیں لیکن ان سے پوچھانہیں جاتا ۔ پرویز خٹک کا خاندان کرپشن کے الزامات کی زدمیں ہے لیکن انہیں بھی نہیں پکڑا جاتا۔ زلفی بخاری کے بارے میں کہا جاتاہے کہ وہ بھی منی ٹریل نہیں دے سکے ۔ اگر علیم خان کا کیس کلیئرہوبھی جاتاہے تو بھی انہیں وزیر نہیں بنایاجائیگا کیونکہ عمران خا ن نے کہاکہ عثمان بزدار نہیں مانتے ۔