لاہور،اسلام آباد( خصوصی نمائندہ،92 نیوزرپورٹ،سپیشل رپورٹر، این این آئی) وزیراعظم عمران خان کا ایران کے صدر حسن روحانی کو ٹیلی فون، خطے کی صورتحال خصوصاً بھارت کی جانب سے جارحیت اور علاقائی امن کو خطرات سے دوچار کرنے کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عمران خان کا ایران کے صدر کوٹیلی فون ان کی جانب سے اہم ممالک کی قیادت کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے سلسلے میں شروع کی گئی رابطہ مہم کا حصہ ہے ، اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے باہمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل قریب میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ایران کے منتظر ہیں جس پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انھیں بھی اس دورے کا انتطار ہے ،وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر ایران میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقع جس میں 27ایرانی گارڈز جاں بحق ہو ئے پر گہرے دکھ ، افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ، دونوں رہنمائوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے کے حساس اداروں کے درمیان قریبی تعاون کے قیام کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم عمران خان نے ایران کے صدر کو خطے کی تازہ ترین صورتحال خصوصاً بھارت کے حوالے سے علاقائی امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا، انہوں نے اس صورتحال میں بہتری کے لیے ایران سمیت تمام دوست ممالک کی جانب سے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم عمران خان نے جموں وکشمیر کے عوام کی ایرانی قیادت کی طرف سے مسلسل اور اصولی حمایت پر ایران کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں ایوان وزیر اعلیٰ میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے ،بے گھر اور مستحق افراد کا سہارا بننے کی مہم میں مخیر حضرات کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا حوصلہ افزا ہے ،عوام کو ریلیف فراہم کرنے والے اقدامات کو ترجیح دی جائے گی،ملاوٹ مافیا کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رہنا چاہیے ،سیاحت کے فروغ کیلئے مربوط پالیسی مرتب کی جائے ۔گورنر چودھری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ سردار عثما ن بزدار نے بھی وزیر اعظم سے ون آن ون ملاقات کر کے صوبے کے امور پر تبادلہ خیال کیا ، وزیر اعظم سے گورنر کی ملاقات کے دوران گورنر ہائوس کی تاریخی عمارت کا اندرونی حصہ بھی عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا،گورنر ہائوس کی اندرونی عمارت کے لیے گائیڈڈ ٹور ہوں گے ،ابتدامیں اندرونی عمارت کی سیر ہفتے میں دو دن ہو سکے گی جبکہ گورنر ہائوس کو ہفتہ اور اتوار دو دن کھولنے کی بھی منظوری دیدی گئی،مذہبی سیاحت فروغ کی کمیٹی میں عمران خان نے وزیر تعلیم شفقت محمود کو بھی نامزد کر دیا، وزیر اعظم نے صوبے میں پناہ گاہوں کے قیام ، سیاحت کے فروغ ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ کے خلاف کیے جانے والے اقدامات اور کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں اب تک کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا ۔صوبائی حکومت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لاہور میں پناہ گاہوں کے قیام کے حوالے سے پیشرفت اور آئندہ مہینوں میں صوبے بھر میں مزید پناہ گاہوں کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل پرتفصیلی بریفنگ دی گئی،اس موقع پر وزیر اعظم نے پنجاب کے بڑے سپتالوں میں شیلٹر ہومز بنانے کی منظوری دے دی،جسکے لئے پانچ ممبران پر مشمل بورڈ تشکیل دے دیا گیا،معروف صنعت کار گوہر اعجاز بورڈ کے سربراہ ہونگے ،پہلے مرحلے میں لاہور کے پانچ بڑے ہسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنائے جائیں گے ،وزیراعظم نے شیلٹرز ہوم کو جلد از جلد مکمل کر نے کی واضح ہدایات جاری کیں، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند اور بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں میں گنجائش میں اضافہ کیا جائے ۔وزیرِ اعظم کو صوبہ پنجاب میں خوراک میں ملاوٹ کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ د ی گئی،وزیر اعظم نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رہنا چاہیے ،وزیر اعظم کی زیر صدارت سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے کی منظوری دی،وزیر اعظم نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات اٹھانے ،نیشنل پارکس کے تحفظ، ایکو ٹورازم کی اہمیت، جنگلات اور نیشنل پارکس میں قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن کے حوالے سے بھی ہدایات دی ، وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام میں ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے ، ہمیں اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہے ، عمران خان کو صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پرائمری ہیلتھ کے حوالے سے اقدامات ،پانچ سالہ ہیلتھ کیئر وژن سے بھی آگاہ کیا، وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب انڈسری کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،وزیر اعظم نے سپیشل اکنامک زون میں بجلی اور گیس فوری فراہم کرنے کی ہدایت کر دی، دریں اثنا وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں اپنی وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی اور انہیں نئی ٹرینیں چلانے اور ریلوے میں ملازمین کی بھرتی کے حوالے سے اعتماد میں لیا ۔