کراچی(رپورٹ:ایس ایم امین)جی ڈی اے کی دھمکی کام کرگئی،حکومت نے ناراض اتحادیوں کے تحفظات دورکرکے منانے کا فیصلہ کرلیاہے ۔وزیر اعظم نے ایم کیوایم پاکستان کی قیادت کوملاقات کیلئے اسلام آباد طلب کرلیا ہے جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پرجی ڈی اے سے بھی رابطہ کرلیاگیا ہے ۔جی ڈی اے نے وفاقی محکموں اوراحساس پروگرام میں سندھ کاحصہ مختص کرنے کامطالبہ کردیا ہے ۔معتمدترین ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ناراض اتحادیوں سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات دورکرنے کا فیصلہ کیاہے اس ضمن میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت سے آج (بدھ )ملاقات متوقع ہے ،جس کے بعدجی ڈی اے قیادت سے بھی ملاقات کی جائیگی۔تحریک انصاف اور جی ڈی اے کے رہنماؤں کے مابین ٹیلیفونک رابطے ہوئے جن میں جی ڈی اے کے تحفظات پرگفتگوہوئی۔جی ڈی اے کویقین دہانی کرائی گئی کہ وزیراعظم کا نمائندہ وفدجلدکراچی میں ملاقات کرے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے آج ممکنہ ملاقات میں متحدہ کا وفد خالدمقبول صدیقی،عامر خان،فیصل سبزواری،میئر کراچی وسیم اختر اورامین الحق پر مشتمل ہوگا۔