لندن، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،92 نیوز رپورٹ، خبر نگار خصوصی ) اپوزیشن لیڈر اور صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا ہے میں ہرسال اپنے گوشوارے جمع کرتاہوں،مجھ پر یا میرے بچوں پر کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا،عمران خان پوری قوم اور ملک کیلئے بوجھ بن چکا ہے ، جتنی جلدی ان ہائوس تبدیلی آئے گی اتنا ہی بہتر ہے ،موجودہ حکومت سے جتنی جلدی جان چھڑائی جائے اتنا ہی بہتر ہے ،لاہور سے دوحہ تک نوازشریف کو ائیر ایمبولینس پر لایا گیا،عدالت کی طرف سے نوازشریف کے علاج میں چار ہفتے کی مہلت میں بھی گنجائش موجود ہے ، لندن میں میرا میڈیکل چیک اپ ہورہا ہے ۔لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہامیرے اثاثے عمران خان نیازی اور نیب گٹھ جوڑ سے منجمد کئے گئے ۔عمران اور نیب گٹھ جوڑ اب کھل کر سامنے آگیا، اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ہے عدالت نے جھوٹ اور سچ کو الگ کرکے دکھا دیااورہمیں پھر عدالت عظمیٰ میں سرخرو کیا،ہماری نیک نیتی کی دہائی عدالت عظمیٰ میں سنائی دی، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا،سچائی کی تیز روشنی کو پوری قوم دیکھ رہی ہے ،میرے تمام اثاثے ڈکلیئرڈہیں،یہ ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے ،ملکی تاریخ میں عمران خان سے جھوٹاوزیراعظم نہیں دیکھا،وہ احسان فراموش اورغصے سے بھراانسان ہے ،ہم پر جھوٹے مقدمات بناکرزہراگلاگیا،عمران یوٹرن کے ماسٹرہیں، جتنی جھوٹ کی فیکٹریاں ان کے دور میں بنیں پہلے کبھی نہیں بنیں،وہ بتائیں ایک کروڑ نوکریاں،پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں، ابھی تک ایک اینٹ نہیں لگی،گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران جوکچھ ہوا عمران خان اورنیب گٹھ جوڑکی وجہ سے ہوا،پشاور میٹرو 100ارب روپے میں بھی مکمل نہیں ہورہی، منصوبے پر لطیفے بن گئے ،ملک میں مہنگائی، بیروز گاری اور غربت کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے ، عمران خان نے معیشت کو تباہ کیا، انہوں نے بیوروکریٹس کو لالچ دے کر میرے خلاف جھوٹا گواہ بنایا،حکومت کے بھی ایسے وزرا ہیں جنہوں نے قرضے معاف کرائے ،جنہوں نے کرپشن کی انہیں عمران خان نے مشیر بنا لیا،نندی پور پاور پراجیکٹ بغیر کمیشن دیا،اس پراجیکٹ میں کرپشن کرنے والے بابر اعوان وزیر اعظم کے مشیر ہیں،رانا ثنا اللہ پر بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا ۔انہوں نے کہانعیم بخاری تحریک انصاف کے رکن اور انٹرنل ٹیم کا حصہ ہیں،نیب کی جانب سے نعیم بخاری نے کیس لڑا،نعیم بخاری نے دیکھا ان کی دال نہیں گل رہی تو درخواست واپس لے لی،عمران نیازی نے اپوزیشن پر جھوٹے مقدمات بنائے اور انہیں دیوار کے ساتھ لگایا،پوری قوم نے دیکھا ان کا وکیل کیسے دم دبا کر عدالت سے بھاگا، میں نیب کے عقوبت خانے میں بھی رہالیکن کچھ ثابت نہیں کرسکے ،صاف پانی کیس میں طلب کرکے آشیانہ کیس میں گرفتارکیاگیا،14فروری 2019کوعدالت نے دونوں کیسزمیں ضمانت میرٹ پردی۔انہوں نے کہان لیگ کی حکومت سے پہلے 20،20گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی،ہماری حکومت میں11ہزارمیگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے ،نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کاعظیم منصوبہ شروع ہوا،ملتان میٹروپربہت شورمچایاگیا،کچھ ثابت کیوں نہیں ہوا؟،صاف پانی اورلیپ ٹاپ سکیم میں بھی کچھ ثابت نہیں ہوا،نوازشریف نے پاکستان کوایٹمی قوت بنایا اور انہیں اقامہ پرسزادی گئی،ہم نے منصوبوں میں 160ارب کی نیٹ بچت کی،اورنج لائن منصوبے میں 71ارب کی بچت کی،انتشار کے بیج حکومتی پارٹی نے بوئے ، ہم سب متحد ہیں۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے ،مہذب دنیا کا ضمیر جگانے کا وقت آچکا،قوم یک زبان ہوکر بات کرے ۔دوسری جانب شہباز شریف نے آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے قانون سازی،چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سمیت اہم ملکی اور سیاسی معاملات پر مشاورت کیلئے پارٹی کے اہم رہنماؤں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، رانا تنویر اور ایاز صادق کولندن طلب کرلیا، پارٹی رہنما نواز شریف کی تیمارداری بھی کریں گے ۔لندن میں اجلاس کے دوران شہباز شریف اور فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت پر قانون سازی پرمشاورت کی گئی،آن لائن کے مطابق لیگی رہنما آج لندن کیلئے روانہ ہوں گے ۔