لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار اوریا مقبول جان نے کہا ہے کہ عمران خان ڈرائنگ رو م کی سیاست میں آگئے ہیں ،ا ن کاکوئی تجربہ نہیں، جن لوگوں نے شریف برادران کو باہر بھیجا ہے ، وہ ان سے بہت بڑا کام لینے والے ہیں ، جب تک سسٹم سیدھانہیں ہوگا کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ،عمران خا ن جتنی مرضی کوشش کرلیں۔پروگرام 92 ایٹ 8 میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان کے ارد گرد جو بیٹھے ہوئے ہیں، انہیں چاہئے کہ وہ پہلے مطالعہ کریں اور پھر بات کریں۔تجزیہ کار سعید قاضی نے کہا ایسا نہیں ہوتا ہے کہ پاکستان میں کرپشن نہ ہو،عوام سے گڈ گورننس کے نام پر بہت بڑا فراڈ کیاجاتاہے ،جس نظام پر یہ چل رہے ہیں یہ سارے کا سارامال اوپر لے کرجاتاہے ،صرف اوپر کی تبدیلی سے زمین پر تبدیلی نہیں آئے گی۔ تجزیہ کار مبشر لقمان نے کہا شہبازشریف جلد وطن واپس آرہے ہیں،عمران خان کا ایک نعرہ احتساب اوراداروں کا استحکام تھا لیکن دونوں شعبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت کچھ نہیں کررہی،عوام کرپٹ آدمی کو عزت دیتی ہے ، اسے اپنی شادیوں پر بلاتی ہے پھر کہتی ہے کہ کرپشن سے نجات دلائی جائے ،یہ کیسے ہوسکتاہے ۔پروگرام کی اینکر سعدیہ افضال نے انکشاف کیا کہ سکیورٹی اداروں کی طرف سے وزیراعظم کو ملک میں پیدا ہونے والے آٹے بحران پر 21 صفحات پر مشتمل رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں بتایاگیا ہے کہ آٹے کا بحرا ن باقاعدہ منصوبہ بندی اورجان بوجھ کرپیدا کیاگیا۔