لاہور( کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ قوم پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پاکستانی مصنوعات خریدیں تاکہ بڑھتے ہوئے افراط زر پر قابو پایا جا سکے اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہو سکے ، اس سے ڈالر مافیا کو شکست دینے اور غیر ملکی اشیائے تعیش کے استعمال میں کمی سے درآمدی بل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں کاشف، جو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ( ایف آئی ای ڈی ایم سی) کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ موجودہ بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت کو کاروباری برادری کو اعتماد میں لے کر مناسب حکمت عملی تیار کرنی چاہیے ۔ مشکل ترین معاشی چیلنجز کے باوجود عمران خان کی قیادت میں حکومت مقامی صنعت کے تحفظ اور فروغ کے لئے پرعزم ہے اور یہ حقیقی معنوں میں کاروباری برادری کے لئے انتہائی مثبت اقدام ہے ۔ یہ انتہائی مناسب وقت ہے کہ پاکستانی کاروباری ادارے بین الاقوامی معیار کے برانڈز کے قیام اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کرکے عالمی مارکیٹوں میں اپنی جگہ بنائیں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ کریں۔