لاہور،ملتان (وقائع نگار،سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ افسر،افسر شاہی چھوڑ دیں ،عوام کی خدمت کو شعار بنائے ۔عوامی خدمت میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔عوام سے ہی فیڈبیک لیتا ہوں۔انہوں نے اوکاڑہ اور دیپالپور کے اچانک دوروں کے موقع پرعوامی شکایات اورفرائض سے غفلت برتنے پر2 افسروں کو او ایس ڈی بنادیاجبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ایک افسر کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہارکیا ۔وزیراعلیٰ سے سہولت بازار اوکاڑہ کے دورے کے دوران خریداری کیلئے آئے لوگوں اور بعض خواتین نے چینی اور گھی کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایات کیں جبکہ اوکاڑہ، دیپالپور روڈ کی مرمت ودیکھ بھال نہ کرنے کے بارے میں عوام نے شکایات کیں۔انہوں نے عوامی شکایات اور فرائض سے غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیا،ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ عثمان علی کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو صبااصغر علی کو ڈی سی اوکاڑہ کا اضافی چارج دے دیا ،اسی طرح دیپالپور شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات اور کرپشن کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی دیپالپور کو بھی ہٹا دیا گیا،اورنگزیب کو اے سی سٹی دیپالپور تعینات کر دیاگیا۔اوکاڑہ، دیپالپور روڈ کی مرمت ودیکھ بھال میں سست روی پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کی کارکردگی پر اظہار ناراضگی کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں صحت انصاف کارڈ اور غریب افراد کو ملنے والی علاج معالجے کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفدنے صدر خواجہ جلال الدین رومی کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات میں نئی انڈسٹریز کے قیام اور صنعت و تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیااورڈیرہ غازی خان، تونسہ، وہوا اور سخی سرور میں لنگر خانے قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خواجہ جلال الدین رومی اور دیگر صنعتکار لنگر خانے کھولنے کے انتظامات کریں گے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لنگر خانے کھولنے کے اعلان پر صنعتکار برادری کاشکریہ ادا کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ شکایت سیل کے وائس چیئرمین ناصر سلمان نے ملاقات کی اورشکایت سیل کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پھر عوام سے کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کی اپیل کی۔انہوں نے سرگودھامیں فیصل آباد ر وڈ پر میڈیکل کالج کے قریب اوررائیونڈ روڈ پر سکول وین کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اورپولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ کے علاقے میں تین بھائیوں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی اوگوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے اینکرپرسن عمر جاوید کے والداورمعروف قانون دان منیر اے شیخ کی اہلیہ کے انتقال پرسوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔