اسلام آباد (وقائع نگار؍ نیوز ایجنسیاں) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول صاحب! ہوش کے ناخن لیں اور ٹھنڈے دل و دماغ سے سوچیں بھٹو اب لاڑکانہ میں زندہ کیوں نہیں رہا؟اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا بلاول صاحب!ہوش کے ناخن لیں،اپنی کرپشن زدہ اداؤں پرغورکریں، ٹھنڈے دل ودماغ سے سوچیں بھٹو اب لاڑکانہ میں زندہ کیوں نہیں رہا ؟ فردوس عاشق اعوان نے کہا سرکاری وسائل سے جلسے عوام کے جذبات کی عکاسی نہیں کرتے ، عوام نے ووٹ سے آپ کے اداروں کو نشانہ بنانے کے بیانیہ کو زمین بوس کیا۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ہمارے ادارے ہمارافخر،دفاع اورسلامتی کے ضامن ہیں، غیرذمہ دارانہ بیانات سے کن آقاؤں کی خوشنودی حاصل کر رہے ہیں؟ آپ کوملک کااحساس ہوتاتوغیرذمہ دارانہ بیانات کی فلم نہ چلاتے ، آپ کو صرف ابو اور پھوپھو کی کرپشن بچانے کی فکر ہے ۔علاوہ ازیں فردوس عاشق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کی علما سے ملاقات کا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے کوئی تعلق نہیں،مذہب کی آڑ میں کسی کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا، ریاست کے اندر ریاست نہیں بنائی جاسکتی، جہاں جتھہ اور ہلڑ بازی ہورہی ہے ، وہیں صوبائی حکومتیں بھی اپنی تیاریاں کررہی ہیں، پاکستان کے عوام کو مسلح جتھے کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔انہوں نے کہا سندھ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے گندم کا مسئلہ بنا، وزیر اعظم نے فوری نوٹس لیا ہے ، وزیر اعظم نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے اور اس میں کمی لانے کیلئے صوبائی حکومتوں کو اقدامات کرنے کا کہا ہے ۔