لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے حکومتِ پنجاب کے اقدامات پراظہار خیال کرتے ہوئے کہاہے عوام سماجی دوری اختیار کریں اور اپنے گھروں میں رہیں تا کہ کرونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ بزدار حکومت کورونا کے خلاف جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور ایکسپو سنٹر لاہور میں 9 دن میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال کی تکمیل اس حوالے سے بڑی کامیابی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان غریب اور ڈیلی ویجرز کی مشکلات سے باخبر ہیں، تمام صوبائی حکومتوں بشمول وفاقی حکومت نے کورونا سے متاثرہ طبقوں کے لیے معاشی پیکج کا آغاز کر دیا ہے ، بزدار حکومت جزوی لاک ڈاؤن میں عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے ،وزیر اعلی پنجاب کورونا وائرس کی روزانہ کی بنیاد پر بدلتی صورتحال کے مطابق انتظامی فیصلے کر رہے ہیں اور ان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو کم ترین سطح تک روکا جائے ، خدانخواستہ کورونا کے زیادہ پھیلاؤ کی صورت میں بزدار حکومت پوری تیاری سے وائرس کا مقابلہ کرے گی۔