مکرمی ! ربیع الاول کا مہینہ امت مسلمہ کیلئے سارے اسلامی مہینوں سے زیادہ خوشی کا مہینہ ہے کیونکہ اس مہینے میں سرورانبیاء اﷺ کا ظہور ہوا ۔ پچھلی کئی صدیوں سے 12ربیع الاول دنیا بھر میں عاشقان رسول ﷺ بڑی عقیدت و احترام سے منا تے آئے ہیں ۔مگروقت کا اصول ہے کہ وہ اپنے ساتھ ساتھ ہر چیز بدلتا رہتا ہے جیسے جیسے شعور ، ٹیکنالوجی اور افرادی تعداد میں اضافہ اور زمانے میں تبدیلیاں یا جدت آتی گئی ویسے ہی وقت کیساتھ ساتھ خوشیوں اور غموں کو منانے کے طریقے بھی جدت اور وسعت اختیار کرتے گئے ۔مگر پچھلے چند سالوں سے جہاں وقت نے اور بہت کچھ بدلا وہاں بدقسمتی سے ہم نے کئی غیر اسلامی روایات یوم ولادت نبی ﷺپر متعارف کروانا شروع کر دی ہیں ۔ وطن عزیز کے تقریباتمام بڑے چھوٹے شہروں میں میلاد پر انڈین گانے لاوڈ سپیکرز پر چلائے جاتے ہیں اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بازاروں میں رستے بند کر کے ناچ گانوں میں مصروف خوشی کا اظہار کرتی نظر آتی ہے ۔جو کہ بالکل معاشرتی اور شرعی حوالے سے ایک غیر مہذب اور تکلیف دہ فعل ہے لہذا علما کرام کو چاہیے کہ 12ربیع الاول سے پہلے پہلے اپنے خطبات اور درس و تدریس کی محفلوں میں نوجوان طبقے کو شوروغل اور ناچ گانے سے باز رہنے کی ہدایت فرمائیں اور امہ کو شرعی قواعدکی روشنی میں میلاد مصطفیﷺ منانے کی تلقین کریں۔ (قاسم علی شیرازی ،حافظ آباد)