مکرمی!سوشل میڈیا پر کچھ ایسی تصاویر دیکھنے کو ملتی ہیں جہاں ایک یا چند آدمی مل کر کسی کی مدد کر رہے ہیں۔ان کے ساتھ ایک عدد یا بوقت ضرورت متعددکیمرہ مین اس نام نہاد امداد یا صدقات کے وقت موجود رہتے ہیں۔ اگر وہ کسی غریب کی ہتھیلی پر صابن کی ایک ٹکیہ بھی رکھتے ہیں تو کیمرہ مین فوراً مختلف اینگل سے تصویر شوٹ کرتے ہیں، اور میڈیا پر وائرل کر دیتے ہیں۔ جہاں ان کی سخاوت کا پر چار ہوتا ہے وہیں غریب کی غربت کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔ آپؐ کا ارشاد مبارک ہے: اللہ اس شخص سے بہت محبت کرتا ہے جو کسی کی اس طرح مدد کرے کہ اللہ اور سائل کے علاوہ کسی کو خبر نہ ہو۔ جومخیرحضرات کسی غریب کی ہتھیلی پر کچھ رکھنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ اپنی اس عظیم عبادت کو نمائش کا ذریعہ بنا کر غریب کا مذاق نہ اڑائیں۔ اس بات پر خدا کا شکر ادا کریں کہ اس نے آپ کو دینے والوں کی صف میں کھڑا کیا ہے۔ (احسن اقبال ایبٹ آباد)