اسلام آباد(این این آئی،92 نیوز رپورٹ ) الیکشن کمیشن نے غیرملکی اور ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات میں تیزی لاتے ہوئے ملک کی 3بڑی سیاسی جماعتوں پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو نوٹسز جاری کردئیے ۔گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی طرف سے تینوں سیاسی جماعتوں کو جاری نوٹسزمیں کہا گیاہے کہ تینوں سیاسی جماعتیں غیرملکی اورممنوعہ فنڈنگ سے متعلق تحقیقات کیلئے اپنے نمائندوں کو 20 جون کو الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش کریں۔الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نے درخواست گزاروں کو بھی طلب کرلیا۔ الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء کی سربراہی میں سکروٹنی کمیٹی تحقیقات کریگی ۔پی ٹی آئی کے خلاف درخواست اکبر ایس بابر جبکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے خلاف درخواست تحریک انصاف کے فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن میں دائر کی ہوئی ہے ۔