لاہور(قاضی ندیم اقبال)چیف سیکرٹری نے عوامی مشکلات کا جائزہ لینے کیلئے عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے ،بیشتر مقامات پر آئی جی پنجاب پولیس بھی ہمراہ ہوں گے ۔اس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پنجاب کے ساتھ مشاورت کے ساتھ پنجاب بھر کے دوروں کا شیڈول بھی مرتب کر لیا گیا ۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کا فوکس ابتدائی طور پر لاہور سے دور دراز17 اضلاع جن میں اٹک، بہاولپور، بھکر، چکوال، چنیوٹ، ڈیرہ غازی خان، خانیوال، خوشاب، لودھراں، لیہ ، میانوالی ، ملتان، مظفر گڑھ ، رحیم یار خان، راجن پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، وہاڑی شامل ہیں۔ذرائع نے دعوی کیا کہ اس ضمن میں سیکرٹری آئی اینڈ سی ، سیکرٹری سروسز کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں جس ضلع، تحصیل یا ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر اداروں کی کارکردگی کا معیار بہتر نہ پایا گیا ، اس ضلع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی تبدیلی کے علاوہ ان کو فرائض میں غفلت برتنے کے حوالے سے چارج شیٹ بھی جاری ہو سکتی ہے ۔