لاہور(سٹاف رپورٹر،جنرل رپورٹر)ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ عقیدت و احترام اور درود سلام کی صداؤں میں اختتام پذیر ہوگیا۔صوبے کے طول و عرض میں فضائیں ہفتہ بھر اسوہ حسنہ اور سنہری تعلیمات کے ذکر سے مہکتی رہیں۔صوبائی محکمہ تعلیم،اوقاف،ثقافت و تعلقات عامہ، بہبودآبادی اور اضلاع کی انتظامیہ نے تمام ہفتہ روح پرور تقریبات منعقد کیں ۔تمام اضلاع او ر بڑے شہروں میں سیرت کے موضوع پر پورے ہفتے جاری رہنے والے تقریری مقابلوں اور کوئز پروگراموں کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریبات منعقد ہوئیں ۔ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے شہرشہر ریلیاں،مساجد میں جلسے ، دفاتر میں تقریبات اور عوامی اجتماعات میں عزم صمیم کا اظہار کیا گیا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے عظمت مصطفی اجاگر کرنے کیلئے ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ صوبائی سطح پر منا کر پاکستان میں نئی تاریخ رقم کردی ۔ لاہور میں مختلف تعلیمی اداروں میں سیرت کے موضوع پر ہونے والے تقریری مقابلوں کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ٹاؤن شپ ماڈل بازار میں واک کا اہتمام کیاگیا۔ادھر ہفتہ شان رحمت للعالمین کے سلسلے میں پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور لاہور جنرل ہسپتال میں سیرت کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں نرسز، میڈیکل سٹوڈنٹس اور پیرامیڈیکل سٹاف کی جانب سے درودوسلام اور نعت خوانی کی گئی۔علاوہ ازیں ایوان اقبال میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام محفل سماع ہوئی جس میں وزیراعلیٰ نے بھی شرکت کی۔محفل سماع میں معروف قوال ابو محمد نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور سماں باندھ دیا۔قصور میں دربار بلھے شاہ پر نعتیہ مشاعرہ ،چونیاں میں محفل نعت ،چنیوٹ میں تقریری مقابلوں کی اختتامی تقریب ،رحیم یار خان میں تقریب تقسیم انعامات ،اوکاڑہ میں سیرت کانفرنس ،خانیوال میں نعتیہ محافل ،راجن پور میں بھی اختتامی تقریب منعقد ہوئیں۔چکوال میں ،فیصل آباد میں سیرت کانفرنسیں ہوئیں،نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں محفل سماع بھی ہوئی۔