فیصل آباد(گلزیب ملک)ویزہ کی میعاد ختم ہونے کے باوجود بھارتی شہریوں سمیت درجنوں غیر ملکیوں کے فیصل آباد میں رہائش پذیر ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، بھارت سے تعلق رکھنے والی مرد و خواتین شہر کے مختلف علاقوں میں اس وقت اپنے رشتہ داروں کے گھر قیام پذیر ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کو بھجوائی جانیوالی رپورٹ میں یہ بات منکشف ہوئی ہے کہ سوساں روڈ، بٹالہ کالونی، مدینہ ٹاؤن، مسعود آباد، کریم ٹاؤن، سمن آباد، محمد پورہ، علی ہاؤسنگ کالونی اور دیگر علاقوں میں اس وقت مرد و خواتین اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں مقیم ہیں جبکہ بھارت سے تعلق رکھنے والے ان افراد کے پاکستان میں قیام پذیر ہونے کے ویزہ کی مدت ختم ہو چکی ہے جس میں توسیع نہیں کروائی گئی۔ پنجاب حکومت کو بھجوائی جانیوالی اس رپورٹ کے تناظر میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آپریشنز پولیس کی طرف سے ٹاؤن ایس پیز کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ ویزہ کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام پذیر ان بھارتی باشندوں کے ویزہ کی مدت میں ایک ماہ کے اضافہ کیلئے اقدامات عمل میں لائیں، پولیس ذرائع کے مطابق ویزہ کی مدت میں اضافہ نہ کرانے والے بھارتی با شندوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ایف آئی اے کے ساتھ ملکر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔