کراچی(وقاص باقر،92نیوز)الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اورآصف زرداری کی بہن فریال تالپور کو اثاثے چھپانے پر آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت نااہل قراردینے کی درخواست وریفرنس پر سپیکر سندھ اسمبلی کو ہنگامی مراسلہ لکھ دیا۔ الیکشن کمیشن نے سپیکر سندھ اسمبلی کے نام لکھے گئے مراسلے میں کہا کہ فریال تالپور کے خلاف ریفرنس کیلئے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی ارسلان تاج اور رابعہ اظفر نے نے ایک ماہ قبل سپیکر سندھ اسمبلی کو درخواست دی تھی۔الیکشن کمیشن نے سپیکر سندھ اسمبلی سے فریال تالپور سے متعلق درخواست پر فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے وضاحت مانگی کہ کیا فریال تالپور کے خلاف درخواست خارج کردی ہے یا اس وقت زیرالتواہے ۔ مراسلے کی نقل اور ضمنی خط بدھ کو صوبائی الیکشن کمیشن آفس نے سپیکر سندھ اسمبلی آفس کو پہنچایا۔