لاہور(خبرنگارخصوصی) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسیع تر کر کے ملک کو درپیش معاشی مشکلات کے خاتمے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیرنے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے اسمبلی سے دوری برداشت نہیں ہو رہی جس اسمبلی پر انہیں اعتماد نہیں رہا ان کا بھائی اور بیٹا اسی اسمبلی کے ارکان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیت پوری اپوزیشن کنفیوژہے اور اے پی سی اپنے انعقاد سے پہلے ہی ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی کوئی تجویز مفادعامہ کے لئے بہتر ہوئی تو ہم ان سے ضرور گفتگو کریں گے لیکن اپوزیشن کو ادراک ہونا چاہیے کہ ڈھیل کا لفظ وزیراعظم عمران خان کی لغت میں نہیں۔ اپوزیشن ہمیں کسی صورت بلیک میل نہیں کر سکتی۔ اپوزیشن کا ایجنڈا محض تنقید برائے تنقید اور سیاست برائے سیاست ہی ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز کی الف لیلیٰ کی داستان کوئی چار سال کا بچہ بھی سمجھ سکتا ہے ۔ یہ جمہوریت کی نہیں بلکہ پارٹی میں جانشینی کے تخت کی جنگ ہے ۔