لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اعجاز درانی انتقال کر گئے ، اعجاز درانی کا انتقال لاہور میں ہوا، ان کی عمر 88 برس تھی۔اعجاز درانی طویل عرصے سے بیمار تھے ، ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر گارڈن ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی جس میں شوبز شخصیات اور میاں اسلم اقبال سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، اعجاز درانی ملکہ ترنم نور جہاں کے دوسرے شوہر تھے ، اعجاز درانی نے بے شمار فلموں میں کام کیا تاہم’’ہیر رانجھا’’ میں رانجھا کا کردار انہوں نے امر کر دیا، اعجاز درانی کی پیدائش جلال پور جٹاں کے نواحی گاؤں میں 1935ء میں ہوئی، ہدایت کار منشی دل کی فلم ’حمیدہ‘ میں وہ بہ طور ساتھی اداکار متعارف ہوئے ، یہ فلم 1956ء میں ریلیز ہوئی، فلم ساز داؤد چاند کی اردو فلم ’مرزا صاحباں‘ میں بھی وہ سائیڈ ہیرو تھے ، تاہم 1957 کی ریلیز فلم ’بڑا آدمی‘ بطور ہیرو ان کی پہلی فلم تھی جسے ہمایوں مرزا نے ڈائریکٹ کیا، باکس آفس کے کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ اعجاز درانی نہایت کام یاب ڈسٹری بیوٹر اور نہایت منتظم منصوبہ بندی کے ساتھ فلم سازی کے فن میں بہترین صلاحیتوں کے حامل ثابت ہوئے ، دوستی‘، ’ہیر رانجھا‘، ’شعلے ‘ جیسی باکس آ فس پر تہلکہ مچا دینے والی فلمیں بحیثیت فلم ساز ان کے کریڈٹ پر ہیں، انہوں نے پہلی شادی ملکہ ترنم نور جہاں سے اور دوسری شادی فردوس سے کی، لیکن دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔