کراچی (رپورٹ: عمران شیخ) معروف نغمہ نگار گلزار کی صاحبزادی فلم میکر میگھنا گلزار نے کہا ہے کہ ہندوستانیوں کو اچھا دکھانے کیلئے پاکستانیوں کو نیچا دکھانا ضروری نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی فلم’’راضی‘‘ کی کامیابی کے لئے منعقد کئے گئے جشن کے موقع پر کہا، پارٹی کے دوران میڈیا نے میگھنا سے کچھ سوالات بھی کئے ۔ میگھنا سے پوچھا گیا کہ ایک ہدایت کار کے طور پر انہوں نے پاکستانیوں کو دوسرے ہدایتکاروں کی طرح برا کیوں نہیں دکھایا۔ میگھنا نے اس سوال کے جواب میں کہاکیوں کہ وہ بھی انسان ہیں، وہ بالکل ہمارے جیسے ہیں اور ہمیں اپنے آپ کو اچھا دکھانے کے لئے دوسروں کو برا دکھانے کی ضرورت نہیں ،میگھنا نے مزید یہ بھی کہا کہ وہ سچ اور سادگی کے ساتھ جو دکھانا چاہتی تھیں انہوں نے وہی دکھایا۔ ان کا مقصد پروپیگنڈا کرنا نہیں تھا۔واضح رہے کہ فلم راضی ہریندر سکا کی کتاب کالنگ سہمت پر مبنی ہے ۔ اس فلم میں عالیہ بھٹ لیڈ رول میں ہیں۔ عالیہ نے فلم میں ایک جاسوس کا کردار ادا کیا ہے ۔ جبکہ وکی کوشل نے فلم میں ایک پاکستانی افسر کا کردار ادا کیا ہے ۔