لاہور،اسلام آباد(کلچرل رپورٹر،نیٹ نیوز) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایازنے کہا ہے فلموں کے بارے میں رائے دینا اسلامی نظریاتی کونسل کا کام نہیں ہے ۔ ریاست،سماج اور مذہب کے نام سے مکالمہ کے دوران انہوں نے ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم’’زندگی تماشہ‘‘ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہم سے سوالات کئے جا رہے ہیں کہ قانون سازی میں بھی ظاہری چیزوں پر زیادہ فوکس کیا جا رہا ہے ، ہم حقوق العباد اور دیگر چیزوں سے ہٹ گئے ہیں اور ہمارا زیادہ زور لباس اور چلنے پر ہو گیا ہے ۔حکومت نے فلم ’’زندگی تماشہ‘‘ کا معاملہ ہمارے پاس بھیجا ہے ، ہم اس کا جائزہ لیں گے کیونکہ اگر سرکار ہم سے کوئی بات پوچھے تو یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کا جواب دیا جائے ، ہم فلم کے بارے میں فیصلہ نہیں دیں گے کیونکہ فیصلہ دینامتعلقہ اداروں کا کام ہے ۔ہم فلم اور ڈراموں کے ماہرین سے مشورہ لیں گے ، کسی کے دباؤ میں آ کر کوئی رائے قائم نہیں کریں گے ۔خیال رہے سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشہ‘ کو 24 جنوری کو ریلیز کیا جانا تھا۔