فیصل آباد ( 92نیوزرپورٹ) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی جانب سے انتظامیہ کی اجازت کے بغیر فیصل آباد میں ریلی نکالنے اہور جلسہ کرنے پر قانون حرکت میں آگیا ۔ مریم نواز ، لیگی رہنمائوں اور کارکنوں سمیت دو ہزار افراد کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے ۔ مقدمات میں انتشار پھیلانے ،سڑک بلاک کرنے ، نقص امن اور ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی سمیت 8 دفعات شامل کی گئی ہیں ۔ فیصل آباد کے تھانہ نشاط آباد، سرگودھا روڈ ، سمن آباد اور فیکٹری ایریا میں درج چار مقدمات میں رانا ثنا ء اﷲ کی اہلیہ ، داماد شہریار ،سابق میئر ریاض ملک ، ایم این اے جاوید لطیف ، ایم این اے عائشہ رجب بلوچ ،ایم پی اے ظفر اقبال ناگرہ، اجمل آصف، فقیر حسین ڈوگر، شفیق گجر ،ایم پی اے رانا علی عباس، مہر حامد رشید ، جعفر علی ، سابق ایم این ایز اکرم انصاری، میاں عبدالمنان، صفدر شاکر، طلال چودھری ،سابق ایم این اے اعجاز ورک، سابق ایم پی اے نواز ملک،خلیل طاہر سندھو، راؤ کاشف رحیم، عظمیٰ بخاری، شیخ اعجاز بھی نامزد ہیں ۔واضح رہے مریم نواز نے 21 جولائی کو فیصل آباد میں ریلی نکالنے اور جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی تھی، انتظامیہ کی اجازت کے بغیر مریم نواز نے ریلی نکالی اور جلسہ کیا تھا۔