فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی،آن لائن)مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اﷲ کے سسر محمد یوسف بھٹی انتقال کرگئے ،تاہم جنازے میں شرکت کیلئے رانا ثنا اللہ کوپیرول پر رہا ئی نہ مل سکی۔بتایا گیا ہے کہ یوسف بھٹی رانا اعجاز کے والد تھے اور کافی عرصہ سے صاحب فراش تھے ۔ مرحوم کی نماز جنازہ سمن آباد کے بڑے قبرستان میں ادا کی گئی اور فیصل آباد میں ہی ان کو سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ن لیگی رہنماؤں احسن اقبال، پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، رانا ارشد، رزاق ملک، شیخ اعجاز، فقیر حسین ڈوگر، رانا علی عباس، حبیب گجر، میاں عرفان منان اور دیگر نے شرکت کی۔ خواتین رہنماؤں خالدہ منصور، مدیحہ رانا اور دیگر نے نبیلہ ثناء سے انکے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی آج صبح 9 بجے جامع مسجد مدنی بٹالہ کالونی میں ہوگی۔ن لیگ کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے را نا ثنا اﷲ کے گھرجاکر انکی اہلیہ نبیلہ ثنا اللہ سے انکے والد کے انتقال پراظہار تعزیت کیا اور گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ سابق صو بائی وزیر قانون رانا ثنا اﷲ کو انکے سسر یوسف بھٹی کے انتقال پر پیرول پر رہائی نہ دینا شدید قابل مذمت ہے ۔ حکومت اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے ۔حکومت انتقامی اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے اپوزیشن کو کمروز کرناچاہتی ہے مگر وہ ا س میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتی۔ اس پہلے مریم نواز کو جیل سے انکے بچوں کے سامنے اور عیدکے موقع پر فر یال تالپور کو گرفتار کرکے اخلاقی اقدر کو نہ صرف پامال کیا گیا ہے بلکہ اسلامی معاشرہ کا تقدس بھی بری طرح پامال کیا گیا، یہ اقدام دنیا بھر میں جگ ہنسائی کا باعث بنا ۔ن لیگ کی قیادت کیخلاف آج تک ایک پیسہ کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ہم عوام کے حقوق اور ملک کی ترقی کیلئے ڈٹ کرکھڑے ہیں۔