فیصل آباد(سٹی رپورٹر)تحریک انصاف کے ایم این اے راجہ ریاض احمد کا اپوزیشن کی طرف جھکاؤہونے پرپی ٹی آئی کارکنوں نے ضلع کونسل چوک میں احتجاج کیا،پارٹی کے سٹی صدر نے اپنے دو ارکان قومی اسمبلی کے خلاف آج بھی ضلع کونسل چوک میں بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا۔گزشتہ شام خواتین ورکرز سمیت پارٹی کارکن ضلع کونسل چوک میں جمع ہوئے جہاں انہوں نے ایم این اے راجہ ریاض کی تصاویر جلائیں اور ان کے خلاف خوب نعرے بازی کی اور قائدین سے مطالبہ کیا کہ پارٹی غداروں کو پی ٹی آئی سے نکال دیا جائے ، دوسری جانب پی ٹی آئی کے سٹی صدر ایم پی اے لطیف نذر نے اعلان کیا ہے کہ ان کے دو ارکان قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد اور نواب شیر وسیر کے میڈیا پر بیانات کے باعث پارٹی کارکنوں میں غصہ پایا جا رہا ہے اور وہ شدید اضطراب کا شکار ہیں۔