اسلام آباد؍ پیرس(خصوصی نیوز رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک) فیٹف(فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) نے پاکستان کو اگلے سیشن تک مزید گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ سنادیا،پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ بھی کردیا۔فیٹف کے صدرنے منی لانڈرنگ کیخلاف پاکستان کے اقدامات کی تعریف بھی کی۔بوٹسوانا اور ماریشس فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل گئے ،ترکی ، اردن اور مالے کو گرے لسٹ میں شامل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پیرس میں فیٹف کاتین روزہ اجلاس ختم ہوگیا۔صدرایف اے ٹی ایف مارکس پلیئر نے اجلاس کے بعدبریفنگ میں بتایاکہ پاکستان نے 6میں سے 4شرائط کوپوراکرلیا،اجلاس میں منی لانڈرنگ،دہشتگردوں کی سزاسے متعلق پاکستانی اقدامات کاجائزہ لیاگیا،آف شورکمپنیوں میں منی لانڈرنگ،سرمایہ کاری کی خبروں کاجائزہ لیں گے ،پاکستان نے اہم اقدامات کئے ہیں لیکن مزید اقدامات کی ضرورت ہے ، پاکستان گرے لسٹ میں رہے گا، پاکستان نے نئے ایکشن پلان پربہتر عملدرآمدکیا، پاکستان میں مانیٹرنگ کانظام بہترہواہے ، پاکستان نے 27میں سے 26 اہداف پورے کئے ،پاکستان نے نئے پلان کے 7میں 4نکات پربہت حد تک عمل کیا،پاکستان سے متعلق فیصلہ اتفاق رائے سے کیا،پاکستان نے منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اچھے اقدامات کئے ،پاکستان کواستغاثہ اورقانون سازی میں مزیدکام کی ضرورت ہے ،پاکستان اقوام متحدہ کے بلیک لسٹ افرادکیخلاف کارروائی کرے ،ایشیاپیسفک گروپ نے چند سنجیدہ اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔وزارت خزانہ نے فیٹف اجلاس کے بعداعلامیہ جاری کردیا۔اعلامیہ کے مطابق پاکستانی وفد نے وزیرتوانائی حماداظہر کی قیادت میں 3روزہ اجلاس میں شرکت کی۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے ایکشن پلان پر پاکستان کی پیشرفت کا اعتراف کیا۔وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے 2021ایکشن پلان کے 7میں سے 4نکات پر مقررہ مدت سے پہلے عملدرآمد کیا،دیگر تین ایکشن پلانز میں بھی پاکستان نے مقررہ مدت سے پہلے ہی خاطر خواہ پیشرفت کی ،فیٹف پاکستان کا اگلا جائزہ فروری 2022میں کرے گا، پاکستان دونوں ایکشن پلانز کے مکمل اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے ۔