لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمت سن کر ہر کوئی سناٹے میں ہے ، سونامی اب غریب عوام کو روٹی کے ٹکڑے سے بھی محروم کرنا چاہتا ہے ، قرضے اور غلامی کے فیول پر حکومتی گاڑی کب تک چلے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھمبر آزاد کشمیر میں رحمان چلڈرن ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سراج الحق نے کہا جاپان اور کوریا جیسے ترقی یافتہ ممالک تسلیم کرچکے ہیں کہ سود معاشی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے مگر آئی ایم ایف کے غلام حکمران ماننے کو تیار نہیں، آئی ایم ایف نے تمام محکموں میں اپنے لوگ بٹھا دیئے ہیں جو معیشت کو مانیٹر کررہے ہیں، حکمرانوں نے کل ملکی پیداوارکا91فیصد قرض لیا حالانکہ آئین 60فیصد سے زائد قرض لینے کی اجازت نہیں دیتا، آج اچھا وزیرخزانہ اسے سمجھا جاتا ہے جو زیادہ قرض لیتا ہے ، ادویات کی قیمتوں میں دوسو فیصد پر اضافہ ہوچکا ، جماعت اسلامی کوحکومت کا موقع ملا تو دل،گردوں اور جگر سمیت پانچ بڑی بیماریوں کا مفت علاج ہوگا، آٹے کی قیمت 70 روپے ہوگئی۔ 27قسم کا نصاب تعلیم قوم کو تقسیم کررہا ہے ،کشمیر میں چھ ماہ سے ظلم و جبر کی سیاہ رات ہے لیکن دنیاتماشائی بنی ہوئی ہے ۔