اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن نے نواز شریف کیلئے حکومتی شرط پر شدید تنقید کی ہے ۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ قسم کھا کر کہتا ہوں نواز شریف واپس آ ئینگے ، قومی اسمبلی میں یکسانیت نہیں ، اپوزیشن کی تحریک پر کارروائی نہیں کی جاتی، پروڈکشن آرڈر کیلئے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا جاتا، سلیکٹڈ پروڈکشن آرڈر جاری ہوتے ہیں، چند روز قبل قانون سازی کا جو مذاق اڑایا گیا وہ سب نے دیکھ لیا۔ عدالتوں میں طعنہ ملتا ہے کیا آپ کی پارلیمنٹ نہیں چل رہی جو یہاں آجاتے ہیں۔ایک عدالتی اہلکار نے لا افسر سے پوچھا نواز شریف کی درخواست ضمانت پر حکومت کا کیا موقف ہے ، لاافسر نے جواب دیا نواز شریف مر جائے ہمارا کیا جاتا ہے ۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف موت و حیات کی جنگ لڑرہے ہیں، اس صورتحال میں بھی نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی جنگ لڑ رہے ہیں ،نواز شریف ملک سے باہر نہیں جاناچاہتے ، میرے سامنے انہوں نے انکار کیا اور جب تیار ہوئے تو حکمرانوں نے ان کی جان سے کھیلنا شروع کردیا۔نواز شریف کی جان کو شطرنج کا مہرا نہ بنائیں، 7ارب روپے کے بانڈ کی کوئی حیثیت نہیں لیکن یہ سیاست کو گدلا کر یگا، نواز شریف کوکچھ ہوا تو قیمت یہاں بھی ادا کریں گے اور آگے چل کر بھی۔پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ دکھ کی بات ہے کہ ہم نے سیاست کو دھبہ بنا کر رکھ دیا ہے ، جنگی قیدی بھی حق رکھتے ہیں کہ ان کا بہترین علاج کرایا جائے ،آصف زرداری کی صحت بھی بہت خراب ہے ، ان کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے ۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ ہم نے کوئی ذاتی انتقام نہیں لیا، نوازشریف کو سزا عدالت نے دی، کسی کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ، وزیراعظم کے حوالے سے غلط باتیں کہی گئیں، وزیراعظم نے واضح کہا کہ نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کریں۔ میرا نعرہ ہے ووٹ نہیں ووٹر کو عزت دو ، اس ووٹر کو عزت دو جس کو 2 وقت کی روٹی نہیں مل رہی۔ 35سال حکومت میں رہنے کے باوجود اپنے علاج کیلئے ہسپتال نہ بنا سکے ۔مراد سعید نے کہا کہ ان کا وزیرخزانہ مفرور ہے ، شہبازشریف کا داماد علی عمران واپس نہیں آیا، نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن و حسین نواز اس وقت مفرور ہیں، کابینہ نے کہا کہ گارنٹی دے دیں تو نواز شریف کو جانے دیں۔ آپ کو نوازشریف کی جان پیاری ہے یا مال؟۔قومی اسمبلی میں جمعرات کو فلسطین میں حالیہ شہادتوں و پاکستان میں سکیورٹی فورسز کے شہید جوانوں اور بنگلہ دیش میں ٹرین حادثہ میں جاں بحق افراد کیلئے دعا کی گئی۔