کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی (کرائم رپورٹر، این این آئی )قلعہ عبداﷲ میں فرنٹیئر کور بلوچستان نے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا ، بارودی مواد تخریب کاری کی غرض سے بلوچستان لایا گیا تھا ، گلستان میں ایف سی کی 83 ونگ نے خفیہ اطلاع پر تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2عدد خود کش جیکٹس ، 30 بور والے 2 پسٹل ، 4 میگزین ،28راؤنڈز ، 10 کلو بارودی مواد ، موٹر سائیکل برآمد کی ۔ دریں اثنا قلعہ عبداﷲ کے علاقے گلستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 5سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو طبی امداد کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے ۔زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہے ۔دھماکہ سڑک کے کنارے ہوا۔ ڈیرہ بگٹی میں سیکورٹی فورسز نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سڑک کنارے نصب باروی سرنگ ناکارہ بناکر قبضے میں لے لی ، سیکورٹی ذرائع نے بتایا مرگانزئی میں نامعلوم دہشت گردوں نے تخریب کاری کی غرض سے سڑک کے کنارے بارودی سرنگ نصب کی تھی ، سیکورٹی فورسز نے اطلاع ملنے پر ناکارہ بنا دیا ۔