لاہور(خبرنگارخصوصی ) چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میں واشنگٹن کے دورے پر اخراجات 8 لاکھ ڈالر تھے ، (ن) لیگ کے دور میں ایک دورہ 7 لاکھ ڈالر میں ہوا جبکہ وہی دورہ جب عمران خان نے کیا تو اس پر محض 65000 ڈالر خرچ آیا۔ اقوام متحدہ کے اجلاس میں دورے کے دوران اٹھنے والے اخراجات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کا دورہ 12 لاکھ ڈالر، سابق وزیرِاعظم نواز شریف کا دورہ 11 لاکھ، سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا دورہ 8 لاکھ میں مکمل ہوا جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں اسی دورے کے اخراجات محض ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر تک محدود رکھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ عوام کا پیسہ بچایا جائے ۔ کفایت شعاری کی مہم کا مقصد عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے ۔ ماضی کی حکومتوں نے اربوں روپے اپنی تشہیر کے لئے خرچ کئے ۔