لاہور(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر آج ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ، اسرائیل و بھارت کے مظالم اور بابری مسجد کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے کیخلاف یوم احتجاج منایا جائیگا۔ اس موقع پر پاکستان بھر کے علماء ، خطباء اور آئمہ مساجد خطبات جمعہ میں مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ہونیوالے مظالم اور بابری مسجد کی شہادت کیخلاف ہندوستانی عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی بھرپور مذمت کریں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مرکزی جامع مسجد بلال و جامعہ عربیہ اسلامیہ میں سیرت رحمۃ للعالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔